اسلام آباد کچی آبادی کے مکینوں کے لئے ہفتہ صحت کا انعقاد

136

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):اسلام آباد میں کچی آبادی کے علاقوں کے مکینوں کیلیے ہفتہ صحت کا انعقاد کیا جا رہا ہے،وفاقی سیکرٹری ہیلتھ کی ہدایت پر 12 اگست سے 17 اگست تک کچی آبادی کے رہائشیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلیے ہیلتھ کیمپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالہ سے وفاقی سیکرٹری صحت ندیم محبوب نے کہا ہے کہ کچی آبادی کے مکینوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف ایریاز میں دس کیمپ لگائے جائیں گے ،ہیلتھ کیمپس میں ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایں گے ۔وفاقی سیکرٹری ہیلتھ نے مزید کہا کہ ہیلتھ ریلیف کیمپس میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے پانی کو صاف رکھنے والی گولیاں بھی فراہم کی جائیں گی،پسماندہ علاقوں کے رہائشیوں کو مچھر سے بچاؤ کی تدابیر کے ساتھ ادویات بھی فراہم کی جائیں گی،قوت مدافعت کو بڑھانے کی ادویات کے ساتھ اینٹی ملیریا ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ندیم محبوب نے کہا کہ پسماندہ آبادی کو ان دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ،وزارت صحت کے سینیر افسران ہیلتھ کیمپس کی نگرانی کو یقینی بنائیں گے۔