اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) برٹش ایئر ویزکی پہلی پرواز نے پیر کی صبح اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈ کیا۔ برٹش ایئر ویز نے دس سال کے وقفے کے بعد پاکستان کے لئے اپنی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز پیر کی صبح 240 مسافروں کو لے کر اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی ہے۔ ہوا بازی کے وزیرغلام سرور خان، تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق داﺅد، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور کے معاون خصوصی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ایشن ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ یہی پرواز مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے واپس ہیتھرو کیلئے بھی روانہ ہوگی۔