اسلام دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسلام دشمن قوتیں اس سے خوف زدہ ہیں، علماء فرقہ واریت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی کا حضرت بہائو الدین زکریا ملتانی کے عرس کے دوسرے روز زکریاکانفرنس سے خطاب

118

ملتان ۔24 ستمبر (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسلام دشمن قوتیں اس سے خوف زدہ ہیں ،ہمیں مل کر ان کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔علماء فرقہ واریت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزبرصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہائو الدین زکریا ملتانی کے 781ویں عرس کی تقریبات کے دوسرے روز زکریا کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں ملک بھر سے آنے والے علماء ،مشائخ اور زائرین کو عرس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ہمیں حضرت بہائو الدین زکریا کی تعلیمات اور فلسفے کو عام کرنا ہوگا اور ان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہو گا تاکہ معاشرے میں حسن اخلاق ،رواداری اور محبت کا پیغام فروغ پا سکے ۔انہوںنے کہا کہ برصغیر میں اسلام کی ترویج میں صوفیاء کرام نے اہم کردار ادا کیا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملتان شہر میں عظمت صحابہ کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے ہماری جماعت غوثیہ ناموس رسالت ،عظمت صحابہ و عظمت اہل بیت کی تائید کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء ومشائخ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آج قوم کویکجا کرنے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں اسلام تیزی سے پھیلتا ہوا مذہب بن چکاہے، اسلام دشمن قوتیں اس سے خوف زدہ ہیں اور وہ اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ہمیں متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔ اس موقع پرعلامہ ڈاکٹر ارشد بلوچ ،مولانا غلام درویش،امین محمد سنگراہی ،مولانا صادق سیرانی ،خواجہ کمال میاں سلطانی، قاری احمد بخش سعیدی ،پیر خالد سلطان قادری،اور محمد حفیظ اللہ شاہ بھیروی سمیت ملک بھر سے ا ئے ہوئے علماء نے خطاب کیا اورحضرت بہاء الدین زکریا کی تعلیمات وفلسفہ پر روشنی ڈالی ۔تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک کی سلامتی، فرقہ واریت کے خاتمے اور اسلام کی سر بلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی ۔