اسلام محبت کا دین ہے، انتہا پسندی اور تشدد پرستی کے خاتمے کے لیے صوفیا کے درسِ محبت کو عا م کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر طاہر رضابخاری

135
ڈاکٹر طاہر رضابخاری

لاہور۔25اگست (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری اور ڈی پی او قصور طارق عزیزسندھو نے حضرت سید عبد اللہ شاہ المعروف بابا بلھے شاہ قصور کے266 ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر تصوف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام محبت کا دین ہے، انتہا پسندی اور تشدد پرستی کے خاتمے کے لیے صوفیا کے درسِ محبت کو عا م کرنے کی ضرورت ہے۔

حضرت بابا بلھے شاہ نے شرفِ انسانیت اور تکریم آدمیت کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لیے ضروری ہے کہ ہم صوفیا کی تعلیمات سے اکتسابِ فیض کریں۔ یہ صوفیا امن کے علمبردار اور انسان دوستی کے امین تھے۔ ان کی خانقاہیں بلاامتیاز مسلک ومذہب ہر ایک کے لیے فیضِ عام کا ذریعہ تھیں۔ ان کے مزارات امن کے مرکز اور محبتوں والفتوں کے امین تھے۔

ان کی درگاہیں علم کے سب سے بڑے مراکز اور تزکیہ وطہارت کے عظیم ترین مسکن تھے۔ اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احمد افنان، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور آصف علی فرخ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آصف اعجاز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ محمد جاوید شوکت،ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون (ایسٹ) اشفاق ڈیال، منیجر اوقاف رانا احسان الحق اور ضلعی انتظامیہ سمیت علمی، دینی اور روحانی حلقوں کی ممتاز اور معتبر شخصیات بھی موجود تھیں

۔انہوں نے مزید کہا کہ مزارات کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔ ویلفیئر سٹیٹ کی تشکیل کے لیے صوفیا کے نظام فکر و عمل ہی سے راہنمائی ممکن ہے۔ عام آدمی کی فکری اور معاشرتی کفالت اور راہنمائی کے لیے خانقاہ کے تاریخ ساز کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

دریں اثنا سیکرٹری اوقاف نے عرس انتظامات کا جائزہ، بالخصوص سیکیورٹی، صفائی اور لنگر کے امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زونل ایڈ منسٹریشن اوقاف کو حالیہ ملکی حالات کے پیش نظر،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر، سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کی ہدایات جاری کیں۔