اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعرات کو تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔بھارت کا کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی پوری دنیا مذمت کرتی ہے۔
بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق دینا ہو گا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے پوری دنیا آگاہ ہے۔عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔مسلم اُمہ کو ناموس رسالت کے معاملے پر مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔
اسلام امن اور آشتی کا مذہب ہے اور تمام مذہب کے ماننے والوں کا احترام کرتا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی حکومت اور عوام کی کشمیر کی جدوجہد آزادی کے لیے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے غیر متزلزل جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔آئیندہ الیکشن کے بعد تحریک انصاف کشمیر میں بھاری اکثریت سے حکومت قائم کرے گی ۔بھارت کو کشمیری عوام کے حقوق خودارادیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہو گا۔