اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صوابی میں اشتہاری ملزمان کی طرف سے پولیس پر فائرنگ کی مذمت ، واقعہ میں ڈی ایس پی علامہ اقبال کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں اشتہاری ملزمان کی طرف سے پولیس پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ڈی ایس پی علامہ اقبال کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے ملک میں امن و امان کے قیام کے خاطر ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شہید ڈی ایس پی علامہ اقبال نے علاقے کے امن کے قیام کے لئے اپنی جان کا نذارنہ پیش کیا۔ ڈی ایس پی علامہ اقبال ایک فرض شناس افسر تھے، انہوں نے صوابی میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔ اسپیکر نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے پولیس ا ہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور متعلقہ حکام کو ان کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔