اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اشرف صحرائی کی زندگی کشمیریوں کے لئے قابل تقلید ہے،انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے جدوجہد کی،اہل پاکستان کی جانب سے ان کی شہادت پر کشمیریوں سے تعزیت کرتے ہیں۔وہ جمعرات کو یہاں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں اشرف صحرائی کی شہادت پر حُریت رہنماؤں سے تعزیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر حریت کانفرنس قائدین سید فیض نقشبندی، غلام محمد صفی، محمد حسین خطیب اور سید یوسف نسیم و دیگر بھی موجود تھے ۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ تحریک حُریت کے چیئرمین اشرف صحرائی کی شہادت پر حکومت اور مملکت خداداد پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اللہ پاک اشرف صحرائی اور اُن کے صاحبزادے جنید اشرف کی شہادت قبول فرمائے،اشرف صحرائی کی زندگی تمام کشمیری عوام کےلئے قابلِ تقلید ہے،شہید نے پوری زندگی استقامت سے کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے انضمام کیلئے جدوجہد جاری رکھی۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ قابض حکومت نے اشرف صحرائی کو طبی امداد دینے سے انکار کیا جس کی وجہ سے اُنکی زیرِحراست شہادت ہوئی،اشرف صحرائی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہید کیا گیا،بھارتی قابض حکومت کے زیرِ حراست شہادت کے بعد نشانات مٹانے کی کوششیں اس بات کا ثبوت ہے۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اشرف صحرائی کے جنازے پر پابندی لگائی گئی، اُن کے بیٹوں کو گرفتار کیا گیا،بھارتی قابض حکمران سازش کے تحت تحریک آزادی کی شمع بجھانے کے درپے ہیں،حکومت پاکستان، پارلیمانی کشمیر کمیٹی اور عوام اشرف صحرائی کے خاندان کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔شہریار خان آفریدی نے کہا کہ کشمیر کی تحریکِ آزادی میں بھی ہمارا خون شامل ہے اور رہے گا،ہم مقبوضہ کشمیر کو ظالم اور قابض بھارتی حکمرانوں سے آزاد کروائے بغیر سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔