اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان

87
food items
food items

ٹنڈومحمدخان ۔ 05 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان شاہ زیب شیخ نے کہا کہ اشیاء خوردونوش میں کسی قسم کی ملاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں محکمہ خوراک کے افسران سے خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں غیر صحت بخش کھانے، ملاوٹ شدہ دودھ، خوردنی تیل پریشر والے گوشت کی فروخت کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان شاہ زیب شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے عوام کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری خوراک انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

اجلاس میں فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ہوٹلوں، بیکریوں، دودھ کی ڈیریوں، گوشت فروشوں کی روزمرہ کی بنیاد پر چیکنگ کریں، جو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرے اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ سخت اقدامات کیے جا سکیں