لاہور۔23اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے اور بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کی نگرانی کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور طلب و رسد کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 روز کے پرائس ٹرینڈز سے شہریوں کو ریلیف ملا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی سی لاہور نے ہدایت کی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں فعال رہیں اور گراں فروشی کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586279