اعظم نذیر تارڑ کا چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر اظہار افسوس

اعظم نذیر تارڑ کا چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اور رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قانون و انصاف کے شعبے میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ ایک شریف، مخلص اور ملنسار انسان تھے، انہوں نے بطور وفاقی وزیر قانون و انصاف اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں جبکہ ان کی سیاسی، عوامی اور پارلیمانی خدمات بھی قابل قدر ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک کی قانون و انصاف کے شعبے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔واضح رہے کہ چوہدری محمود بشیر ورک موجودہ قومی اسمبلی میں حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین بھی تھے۔ وہ جنوری سے مئی 2018ء تک وفاقی وزیر قانون و انصاف کے منصب پر فائز رہے۔