اعلیٰ تعلیم ہی روادار اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، وزیراعظم عمران خان کا نمل نالج سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

219

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کے لئے سستی اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کی دستیابی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم ہی روادار اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمل کالج سٹی کے سنگ بنیاد اور انفراسٹرکچر ڈویوپلمنٹ و عطیات کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے بطور مہمان خصوصی نمل نالج سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی جس کے پہلے مرحلے کا وژن دوافتادہ علاقوں کے پسے ہوئے طبقات کے لئے مایہ ناز تعلیمی مرکز کے طور پر وزیراعظم نے پیش کیاتھا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد 10ہزار سے زائد پسماندہ علاقوں کے طلباءنالج سٹی سے استفادہ کریں گے ۔ یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ یہ منصوبہ ماحول دوست اور گرین سٹریکچر کا جدید نمونہ ہو گا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں لاکھوں روپے کے عطیات دینے والے عطیہ دہندگان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کے لئے سستی اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کی دستیابی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ اچھی تعلیم ہی روادار اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ میرا مقصد ہے کہ یہ ادارہ بین الاقوامی شہرت کا حامل مایہ ناز ادارہ بنے ۔