اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا سعودی وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ وفد میں سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں کے نمائندے شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کی صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات طے ہے، اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت تحریک دینا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان اپریل 2024 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت کے بعد ہو رہا ہے۔