اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی): ملک میں افراط زرکی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر0.30 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر38.28 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 287.01 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.30 فیصد زیادہ ہے، پیوستہ ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 286.29 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کے 17اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 17 میں اضافہ اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ہفتہ رفتہ میں چینی کی قیمت میں 4.47 فیصد، دال چنا 2.75 فیصد، کیلا 2.47 فیصد، دال مونگ 2.44 فیصد، گڑ1.93 فیصد، چکن 1.69 فیصد، اری سکس نائن چاول 1.46 فیصد اوردال مسورکی قیمت میں 1.26 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 6.28 فیصد، انڈے 3.48 فیصد، نمک 2.75 فیصد، پکی بیف 1.06 فیصد، لہسن 1.04 فیصد، تیارچائے 0.73 فیصد، بیف 0.39 فیصد، آلو0.35 فیصد، سب کم آمدنی رکھنے والے گروپ کی بجلی کی قیمت 8.59 فیصد،
انرجی سیور0.55 فیصد، شرٹنگ 0.47 فیصد اورایل پی جی کی قیمت میں 0.31 فیصدکااضافہ ہوا، سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.25 فیصدکااضافہ ہوا، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.51 فیصد، 0.16 فیصد،
منفی 0.02 فیصد اور 0.25 فیصد کا اضافہ ہوا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔