اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ افراط زر کی شرح گزشتہ ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ پیر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ صارفین کے لئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ نومبر میں 4.9 فیصد کی سطح تک گرگیا ہے جو گزشتہ ساڑھے 6 سال (78ماہ) کی کم ترین سطح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں افراط زر کی شرح 7.2 فیصد اور گزشتہ ماہ میں 4.9 فیصد تک آ چکی ہے۔
جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں اوسط افراز زر کی شرح 7.88فیصد ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28.62 فیصد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح میں کمی سے زری دبائو کم ہوا ہے جس سے صنعتوں کے لئے کاسٹ آف کیپیٹل میں کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں قرضوں کی ادائیگی میں بھی حکومت کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح میں کمی سے آنے والی سہ ماہی اور مہینوں میں حکومت کی مالی پوزیشن مزید مستحکم ہو جائے گی۔