افریقہ کی 4 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاکستان کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے افریقہ کی 4 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں دستیاب وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اتوار کو ’افریقہ کا وسیع پوٹینشل اور پاکستان‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین …

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاکستان کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے افریقہ کی 4 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں دستیاب وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اتوار کو ’افریقہ کا وسیع پوٹینشل اور پاکستان‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین کے کل معدنی ذخائر کا 30 فیصد براعظم افریقہ میں ہے اور ایک ایسے وقت میں جب توانائی کیلئے معدنی ذخائر کی اہمیت بڑھ رہی ہے افریقہ میں اس شعبے میں بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے اس لئے ہم اس براعظم سے لاتعلق رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے افریقی ممالک کے ساتھ شراکت داری کی صلاحیت سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو متنوع بنانا چاہتا ہے بر اعظم افریقہ میں اس کیلئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ تزویراتی طور پر منسلک ہو کر پاکستان زراعت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں شراکت داری کر سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف ہمارے لئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے بلکہ بین الاقوامی سطح پر سفارتی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔

افتخار علی ملک نے حکومت ایک جامع افریقہ پالیسی بنانے پر غور کرے جس میں افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کے کلیدی مقاصد، حکمت عملی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں کا احاطہ کیا جائے اور تجارتی وفود، ثقافتی تبادلوں اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

بہترین سی ای او ایوارڈ حاصل کرنے والی رامین کاشف نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور ثقافتی روابط میں اضافہ افہام و تفہیم، اقتصادی تعلقات اور دوستی کو فروغ دے سکتا ہے۔

مزید خبریں