افغانستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2-0 برتری حاصل کرلی

145

ابوظہبی۔۔24جنوری (اے پی پی):افغانستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی’ رحمت شاہ کو ناقابل شکست سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آئرش بلے باز پال سٹرلنگ کی 128 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ اتوار کو ابوظہبی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغان بائولرز نوین الحق اور مجیب الرحمان کی عمدہ بائولنگ کی بدولت آئرش ٹیم 259 رنز تک ہی محدود رہ سکی۔ اوپننگ بلے باز پال سٹرلنگ نے 128 رنز کی دلکش اننگز کھیلی’ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔ کرٹس کیمفر 47 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ہیری ٹیکٹور نے 24 رنز بنائے۔ اس طرح آئرش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا سکی۔ افغانستان کے فاسٹ بائولر نوین الحق نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مجیب الرحمان 3 جبکہ گلبدین نائب اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آل رائونڈر رحمت شاہ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت افغانستان نے 259 رنز کا ٹارگٹ 46ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔ رحمت شاہ کی 103 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ حشمت اللہ شاہدی نے 82 رنز بنائے جبکہ رحمان اللہ گرباز 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سیمی سنگھ’ بیری میک کارتھی اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ رحمت شاہ کو ناقابل شکست سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 3 میچوں کی سیریز میں افغانستان کو 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔