پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چمپیئن شپ پیرسے شروع ہوگی

لاہور۔24جنوری (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چمپیئن شپ 2021  بروز پیر کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ افتتاحی تقریب شام 6بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ہوں گے ۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے وزرا،سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ، سابق اولمپیئن،ٹاپ سپورٹس ،شوبز سٹارز اورہاکی کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ چمپیئن شپ میں پنجاب کی 9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں کھلاڑی مارچ پاسٹ کریں گے۔چمپیئن شپ کی اختتامی تقریب 7فروری کو منعقد کی جائے گی جس میں کامیاب ٹیموں اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔