ایبٹ آباد،کورسز پرجانے والےٹریفک پولیس کے سینئر افسران کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد

"ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے افسران کی پیشہ ورانہ کورسز کے لیے سلیکشن محکمہ کی استعداد کار اور پیشہ ورانہ ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔”

ایبٹ آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے سینئر افسران ڈی ایس پی ساجد نواز اور انسپکٹر ذولفقار علی کی کورسز میں سلیکشن اور کورسز کے لیے روانگی کے موقع پر ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت اور جدید کورسز پولیس افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں، جس کے مثبت اثرات عوام کو بہتر ٹریفک سہولیات اور مؤثر پولیسنگ کی صورت میں ملتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دورانِ کورس بھرپور دلچسپی اور محنت سے استفادہ کریں، حاصل شدہ علم اور تجربے کو واپس آکر عملی فرائض میں بروئے کار لائیں اور محکمہ ٹریفک پولیس کا نام مزید روشن کریں۔تقریب کے اختتام پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق کی جانب سے افسران کو شیلڈ دی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد مزید جذبہ، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔