ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری، دو روز میں 3 کنال 14 مرلہ اراضی واگزار

ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری، دو روز میں 3 کنال 14 مرلہ اراضی واگزار

پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رکھتے ہوئے دو روز میں 3 کنال 14 مرلہ اراضی واگزار کرا لی گئی ۔ضلعی انتظامیہ ڈی آئی خان کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی ہدایات پر شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری گرینڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر محمد حامد صدیق کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی انکروچمنٹ ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں اور شاہراہوں پر قائم مستقل اور عارضی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کر رہی ہیں۔

آپریشن کے دوران گلی باغ والی بالمقابل لغاری گیٹ میں گلی کے اندر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دیوار کو مسمار کرکے عوامی راستہ بحال کیا گیا۔ بعد ازاں کچہری چوک تا زنانہ ہسپتال کے مقام پر رینٹ اے کار، پارکنگ، ہوٹل، چھپر اور دیگر تجاوزات کو ختم کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 2 کنال 18 مرلہ سرکاری و پرائیویٹ اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی تخمینہ مارکیٹ ویلیو 7 کروڑ 24 لاکھ روپے ہے۔آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے محلہ چوک صدیقیہ تا جوگیانوالہ مستقل تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں نالوں پر قائم غیر قانونی باتھ رومز، تھلیاں اور کھوکے بھاری مشینری کی مدد سے ہٹائے گئے۔

بعد ازاں جناح میڈیکل کمپلیکس تا علیزئی گیٹ عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے سامنے نالوں پر قائم گرلز، سیڑھیاں، تھلیاں اور دکانوں کے باہر رکھا گیا سامان ہٹا دیا گیا۔ جسکے نتیجے میں 16 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی تخمینہ مارکیٹ ویلیو 4 کروڑ 15 لاکھ روپے ہے۔دو روزہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 3 کنال 14 مرلہ اراضی واگزار کرائی گئی، جس کی مجموعی تخمینہ مارکیٹ ویلیو 11 کروڑ 39 لاکھ روپے بنتی ہے۔ موجودہ شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے خدشات کے باوجود انکروچمنٹ ٹیمیں پوری جانفشانی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

مزید برآں، سرکاری تعطیل کے دنوں میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن بغیر کسی تعطل کے جاری رکھا گیا تاکہ عوامی سہولیات کی بحالی اور سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جن مقامات پر پہلے سے سرخ کراس کے نشانات لگائے گئے تھے، وہاں متعدد شہریوں اور دکانداروں نے اپنی تجاوزات ازخود ختم کرنا شروع کر دی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے اس مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری مشینری اور لیبر پر بوجھ کم ہوگا بلکہ آپریشن کو مزید تیز، مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر محمد حامد صدیق نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ، عوامی راستوں کی بندش اور شہری سہولیات میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کرکے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ ڈیرہ اسماعیل خان کو ایک صاف، کشادہ، منظم اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

مزید خبریں