وزیراعلی مریم نواز کا دیہی آبادی کے افراد کو ملکی ترقی اور زراعت میں اہم کردار پر خراج تحسین

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام دیہاتی علاقوں میں تعلیم، صحت، صاف پانی، جدید زراعت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے دیہی آبادی کے افراد کو ملکی ترقی اور زراعت میں اہم کردار پر خراج تحسین پیش کیا ہے

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام دیہاتی علاقوں میں تعلیم، صحت، صاف پانی، جدید زراعت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے دیہی آبادی کے افراد کو ملکی ترقی اور زراعت میں اہم کردار پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن پردیہی علاقوں کو تعلیم، ہنر، صحت اور پائیدار روزگار کے ذریعے کو با اختیار بنانے کا عزم کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیہات غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور طویل مدتی استحکام کی حمایت کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ دیہی معیشت کا مستحکم ہونا ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔دیہی لوگوں میں سرمایہ کاری کا مطلب زیادہ لچکدار معاشروں کی بنیادوں میں سرمایہ کاری کرنا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں دیہات کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ملکی پیداوار میں زراعت کا کلیدی کردار ہو یا ہماری صدیوں پرانی روایات کی پاسداری، دیہات ہمارے معاشرے کی روح ہیں،ستھرا پنجاب پروگرام شہری آبادی کی طرح دیہات میں بھی پہلی دفعہ مکمل طور پر فعال ہے،تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسوں کی رسائی دیہات کی سطح تک پہنچ رہی ہیں۔اپنا کھیت، اپنا روز گار سکیم صرف دیہات میں بسنے والے بے روزگار افراد کیلئے شروع کی گئی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ2,400 سے زائد دیہات کو بنیادی شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے مثالی گائوں پراجیکٹ پر کام جاری ہے، مثالی گائوں پراجیکٹ میں پینے کا صاف پانی کیلئے واٹرفلٹریشن پلانٹس، پارکس اور بچوں کے کھیلنے جگہیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 1500 سے زائد سکیموں کے ذریعے 3300 کلومیٹر سے زائد دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ سوہنے پنڈ پنجاب دے پروگرام کے تحت دیہات میں پختہ گلیاں بنانے کیساتھ ساتھ سڑکوں کی بحالی، چلڈرن پارکس کا قیام اور شجرکاری کی جارہی ہے۔