حیدر آباد میں تعلیمی نظام کی بہتری اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، صوبائی وزیر تعلیم

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے پیر کے روز اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران میئر سیکریٹریٹ سوک سینٹر میں میئر حیدرآباد کاشف علی شورو سے ملاقات کی

حیدرآباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے پیر کے روز اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران میئر سیکریٹریٹ سوک سینٹر میں میئر حیدرآباد کاشف علی شورو سے ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے شہر میں تعلیم اور ترقیاتی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ میئر سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ہماء نقوی، فرید قریشی، پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ریحان راجپوت، بلدیۂ اعلیٰ حیدرآباد کے منتخب نمائندے اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے صوبائی وزیر تعلیم کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سندھی ٹوپی، اجرک اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میئر سیکریٹریٹ آمد پر صوبائی وزیر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے دوران میئر حیدرآباد نے شہر میں تعلیمی سہولیات کی بہتری، تدریسی معیار اور سرکاری تعلیمی اداروں کی ترقی سے متعلق اپنے خیالات پیش کیے۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ٹنڈو میر غلام حسین کو باضابطہ طور پر ہائی اسکول کا درجہ دینے کے صوبائی وزیر کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علاقے کی طالبات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے حیدرآباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور شہری بہتری کے لیے میئر کاشف علی شورو کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت شہر میں تعلیمی نظام کی بہتری، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔