افغانستان کیلئے ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد افغان عوام کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد کے حجم کو بڑھانے کے لیے ہماری اجتماعی کوشش ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

94
افغانستان کیلئے ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد افغان عوام کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد کے حجم کو بڑھانے کے لیے ہماری اجتماعی کوشش ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کیلئے ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ قائم کرنے کا مقصد افغان عوام کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد کے حجم کو بڑھانے کے لیے ہماری اجتماعی کوشش ہے، انسانی بحران کے تناظر میں افغان عوام کو ہماری فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

پیر کو وزارت خارجہ میں افغانستان کے لیے ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ کے لیے چارٹر پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں اسلامی ترقیاتی بنک کے زیراہتمام ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بینک سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ 2022 کی پہلی سہ ماہی تک فنڈ کو فعال کردے۔

انہوں نے کہا کہ بینک نے اپنے مینڈیٹ کو موثر طریقے سے مقررہ مدت کے اندر پورا کیا ہے، ٹرسٹ فنڈ کا چارٹر کافی لچکدار ہے جس سے او آئی سی سسٹم کے باہر سے عطیات کی اجازت ملتی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک قابل تعریف امر ہے اس طرح بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے دائرے کو بڑھانے میں مدد کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ فنڈ کا مقصد افغانستان کو انسانی امداد پہنچانے کے لیے ایک میکانزم کے طور پر کام کرنا ہے۔ اس سلسلے میں او آئی سی کے رکن ممالک کا کردار اہم ہوگا،

توقع ہے کہ او آئی سی کے رکن ممالک، اسلامی مالیاتی ادارے ، عطیہ دہندگان اور دیگر بین الاقوامی شراکت دار اس ٹرسٹ فنڈ میں اپنے عطیات کے ذریعے شمولیت کریں گے۔وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے چیئرمین کے طور پر میں شرکاء سے فنڈ میں حصہ ڈالنے کی درخواست کروں گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ خصوصی ٹرسٹ فنڈ افغان عوام کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد کے حجم کو بڑھانے کے لیے ہماری اجتماعی کوشش ہے، ہم سب کو اس اقدام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔