دہرہ ڈون۔ 16 مارچ (اے پی پی) افغانستان کی آئرلینڈ کے خلاف واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، افغانی ٹیم آئرلینڈ کی پہلی اننگز 172 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 314 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، رحمت شاہ 98 اصغر افغان 67 اور حشمت اللہ شاہدی 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، تھامسن نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں آئرش ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 22 رنز بنا لئے اور اسے افغانستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 120 رنز درکار ہیں۔ ہفتہ کو دہرہ ڈون ٹیسٹ کے دوسرے روز افغانی ٹیم نے 90 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو رحمت شاہ 22 اور حشمت اللہ 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر آئرش باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 130 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 198 تک پہنچا دیا، اس موقع پر میکبرائن نے حشمت اللہ کو آﺅٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 61 رنز بنائے، 226 کے سکور پر رحمت شاہ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 98 کے انفرادی سکور پر مورتگ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، محمد نبی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اکرام علی خلیل 7 راشد خان 10، یامین احمد زئی 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، 311 کے سکور پر افغانستان کی نویں وکٹ گری جب کپتان اصغر افغان 67 رنز بنا کر تھامسن کی گیند کا نشانہ بنے، 314 کے سکور پر افغانستان کی آخری وکٹ گری اور وفادار 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، تھامسن نے 3، میکبرائن، کیمرون ڈوئے اور ڈوکریل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں آئرش ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 22 رنز بنا لئے تھے اور اسے افغانی ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 120 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں، کپتان ولیم پورٹر فیلڈ بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، بلبرائن 14 اور سٹرلنگ 8 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، یامین نے ایک وکٹ لی۔