کابل۔21ستمبر (اے پی پی):افغانستان کی عبوری کابینہ کے مزید اراکین کے ناموں اور ان کے عہدوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ افغانستان کے کلچرل کمیشن کی ملٹی میڈیا برانچ کے سربراہ احمد اللہ متقی نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی پریس کانفرنس میں نائب وزرا اور بعض اداروں کے سربراہان کے ناموں اور ان کے عہدوں کا اعلان کیا۔
احمد اللہ متقی کے مطابق ملا محمد ابراہیم کو نائب وزیر داخلہ، ملا عبدالقیوم ذاکر نائب وزیر دفاع،حاجی گل محمد نائب وزیر سرحدی امور، گل زرین کوچی نائب وزیر سرحدی امور دوم، پنج شیرسے تعلق رکھنے والے تاجر حاجی نورالدین عزیزی عبوری وزیر تجارت تعینات کیے گئے ہیں۔
بغلان سے تعلق رکھنے والے معروف تاجر حاجی محمد بشیر نائب وزیر تجارت، سرپل سے تعلق رکھنے والے تاجر حاجی محمد عظیم سلطان زادہ نائب وزیر تجارت دوئم، ڈاکٹر قلندر عباد عبوری وزیر صحت،عبدالباری عمر اور محمد حسن غیاثی نائب وزیر صحت ، انجینئر نظر محمد مطمئن قومی اولپمک کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین ، انجینئر مجیب الرحمن عمر نائب وزیر بجلی و توانائی، ڈاکٹر محمد فقیر مرکزی شماریات دفتر کے قائم مقام سربراہ ، ، کمانڈر ارسلا خروٹی نائب وزیر برائے مہاجرین، ڈاکٹر لطف اللہ خیر خواہ وزارت اعلی تعلیم کے معاون،انجینئر نجیب اللہ وزیر برائے ایٹمی توانائی، حاجی غلام غوث قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے سربراہ تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعیناتیاں بڑی حد تک پیشہ وارانہ مہارت اور قابلیت پر مبنی ہیں ،امارا ت اسلامیہ کے ڈھانچے کو مزید مضبوط اور معیاری بنائیں گے۔