چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

کراچی۔21ستمبر (اے پی پی):تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2021 کی شاندار افتتاحی تقریب عبدالستار ایدھی انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں منگل کو منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کی آمد پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ملک میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے قومی کھیل کی بحالی میں پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔مہمانِ خصوصی نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو بھی سراہا۔ چیمپئن شپ کا پہلا ایڈیشن 2016 میں متعارف کروایاگیا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن 2018 میں لاہور میں منعقد ہوا، جب سے یہ قومی ہاکی سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم ایونٹ بن چکا ہے۔ ہر دو سال بعدٹورنامنٹ کا انعقاد بھی قومی کھیل کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ مسلح افواج کی ٹیموں سمیت ملک کی بہترین آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کا آغاز پول میچزسے ہوگا جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل میچز کا انعقاد کیاجائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن /سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے کوالیفائیڈ ٹیکنیکل آفیشلز میچز کی نگرانی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 4.2 ملین روپے مختص کی گئی ہے۔ پاک بحریہ نے ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہاکی کے علاوہ پاک بحریہ باقاعدگی سے دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کرتی رہتی ہے جس میں سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ، سی این ایس انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، سی این ایس شوٹنگ اور نیشنل سیلنگ چیمپئن شپ شامل ہیں۔ پاک بحریہ نے چند سال پہلے بین الاقوامی CISM سیلنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کی تھی جس میں 12 مختلف ممالک کی فوجی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ 2018 میں سی این ایس اوپن ایشین ٹور گالف کی میزبانی بھی پاک بحریہ کے حصے میں آئی جس میں تین لاکھ امریکی ڈالر کی خطیرانعامی رقم رکھی گئی۔

اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد ممکن ہوتا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج کھیل دوست ملک کی حیثیت سے اجاگر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ گولڈ میڈلسٹ منیر صادق، مامون صادق، ذکا اللہ، نادیہ رئیس کرکٹ اسٹار فخر زمان اور نئے اولمپین شوٹر جی ایم بشیر ایسے چند ممتاز نام ہیں جن کا سہرا پاک بحریہ کے سر جاتا ہے۔ افتتاحی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے افسران، پاکستان ہاکی فیڈریشن، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن حکام، سابق اولمپینز،پیشہ ور کھلاڑیوں اور ایونٹ کی منیجنگ کمیٹی کے ممبران کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔