اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) افغانستان کے راستے ترکمانستان سے پاکستان اوربھارت تک بچھائے جانے والی گیس پائپ لائن (تاپی) منصوبہ کے تحت ترکمانستان کے حدود میں پائپ لائن کی تعمیرکاکام مکمل ہوگیا ہے اورمنصوبے کا سنگ بنیاد (جمعہ کو) ترکمانستان کے سرحدی شہرسرحت آباد میں رکھا جائے گا، سنگ بنیادرکھنے کی تقریب کے بعد منصوبے کے رکن ممالک پاکستان، بھارت، افغانستان اورترکمانستان کی رہبرکمیٹی (سٹیئرنگ کمیٹی) کااجلاس ترکمانستان کے شہرماری سٹی میں ہوگا۔انٹرسٹیٹ گیس سسٹم پرائیوٹ لیمیٹڈ(آئی ایس جی ایس ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹرمبین صولت ، جوتاپی منصوبہ کے تحت دوطرفہ اورکثیرجہتی اجلاسوں میں شرکت کیلئے ترکمانستان میں ہیں، نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبہ کے حوالے سے یہ ایک تاریخی اورمثبت موڑہے جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس منصوبے پر عمل درآمد انٹرسٹیٹ گیس سسٹم پرائیوٹ لیمیٹڈ(آئی ایس جی ایس ایل)کرائیں گی ، کمپنی نے مارچ 2017سے فرنٹ اینڈانجنئیرنگ ڈیزائن کی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اوراب تک تاپی منصوبہ پرعمل درآمد کے ضمن میں کافی اقدامات کئے گئے ہیں۔