افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ، ملک میں اس وقت دلوں کو جوڑنے کیلئے بات کرنے کی ضرورت ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا عالمی یارسول اللہ کانفرنس سے خطاب

افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ، ملک میں اس وقت دلوں کو جوڑنے کیلئے بات کرنے کی ضرورت ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا عالمی یارسول اللہ کانفرنس سے خطاب

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ، ملک میں اس وقت دلوں کو جوڑنے کے لئے بات کرنے کی ضرورت ہے ، محبت ، امن اور بھائی چارے کا فروغ بزرگان دین کی تعلیمات ہیں، اس مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جمعرات کو عید گاہ شریف راولپنڈی میں عالمی یارسول اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ شمع رسالتﷺ کی محفل میں موجود ہوں۔

عیدگاہ شریف سے ہمیشہ اللہ اور عشق رسول صلی علیہ وآلہ وسلّم کا پیغام پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ضرورت ہے کہ دلوں کو جوڑنے کی بات کی جائے، ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعرے کو بلند کرکے آگے بڑھنا ہو گا، ہم سب کو مل کر پاکستان کے حالات کو درست کرنے کے لئے کمربستہ ہونا ہے، بزرگان دین کی وجہ سے ہی ہمارا ملک قائم ہے، بزرگان دین کا مشن اہم ترین ہے، محبت، امن اور بھائی چارے کا مشن عالم اسلام کے لئے بہت ضروری ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، شہدا ء کی عزت ہم سب کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک علماء کرام، بزرگان دین کی خدمات اور شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے قائم ہے۔