کراچی۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ کے معائون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے ہدایات دی ہیں کہ سندھ کے خصوصی اقتصادی زون کی ڈویلپمنٹ کیلئے اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی (سیزا)کو تیزی سے فعال کیا جائے۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں سیزا بورڈ اراکین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں ۔ اجلاس میں سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ سید منصور عباس رضوی اور سیزا بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔
سید قاسم نوید قمر نے ہدایت دی کہ تیزتر فعالیت کے لئے سیزا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں معاشی ترقی، کاروبار اور سرمایہ کاری کی سہولیات کے لئے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون ، خیر پور خصوصی اقتصادی زون اور کراچی ماربل سٹی کے خصوصی اقتصادی زون کی ڈیولپمنٹ اور فعالیت پر کام بہت تیزی سے جاری ہے لیکن اس کے ساتھ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، نوشہرو فیروز ، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام اور ان زونز کی تیزتر فعالیت کے لئے سیزا تیزی سے کام کرے۔
اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 50ایکڑ اور اس سے زیادہ رقبے کے انڈسٹریل پلاٹ پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس کے تحت اسپیشل اکنامک زون ڈیولپ کیا جاسکتا ہے جس کے تحت ضلع ٹھٹھہ میں ساکرو میں آرمسٹرانگ نامی نجی ڈیولپر کمپنی خصوصی اقتصادی زون ڈیولپمنٹ کی خواہشمند ہے جس کے لئے سیزا سہولت مہیا کررہی ہے۔