اقرا یونیورسٹی بزنس سکول (آئی بی یو ایس ) ایچ-9 کیمپس اسلام آباد نے نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این بی ای اے سی ) کی 13ویں ڈیِنز اینڈ ڈائریکٹرز کانفرنس 2026 کے موقع پر پری کانفرنس استقبالیہ عشائیے کا اہتمام کیا ،جس میں ملک بھر کے بزنس سکولوں کے ممتاز ڈیِنز، ڈائریکٹرز، پروفیسرز، محققین اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔
اقرا یونیورسٹی بزنس سکول اسلام آباد میں این بی ای اے سی ڈیِنز اینڈ ڈائریکٹرز کانفرنس 2026 کے شرکا کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):اقرا یونیورسٹی بزنس سکول (آئی بی یو ایس ) ایچ-9 کیمپس اسلام آباد نے نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این بی ای اے سی ) کی 13ویں ڈیِنز اینڈ ڈائریکٹرز کانفرنس 2026 کے موقع پر پری کانفرنس استقبالیہ عشائیے کا اہتمام کیا ،جس میں ملک بھر کے بزنس سکولوں کے ممتاز ڈیِنز، ڈائریکٹرز، پروفیسرز، محققین اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین ڈاکٹر محمد اعظم نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقرا یونیورسٹی بزنس سکول کاروباری تعلیم کے میدان میں اعلیٰ معیار کی تدریس کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پروگرام ایسے بااخلاق کاروباری رہنما تیار کرنے پر مرکوز ہیں جو تیزی سے بدلتی دنیا کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے اقرا یونیورسٹی کی QS ایشیا رینکنگز 2026 میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی سندھ میں دوسرے، پاکستان میں آٹھویں، جنوبی ایشیا میں 37ویں اور ایشیا میں 133ویں نمبر پر رہی ہے۔
ڈاکٹر محمد اعظم نے این بی ای اے سی کا کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دو روزہ کانفرنس کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’بزنس سکولز اِن دی اے آئی ایرا‘‘ ہے جس میں کاروباری تعلیم، تحقیق، قیادت اور افرادی قوت کی تیاری میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار پر غور کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اعتزاز احمد نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ گریجویٹس کی تیاری اور قومی ترقی میں بزنس سکولوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر ساجد بشیر نے مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بزنس سکولوں کو ڈیجیٹل اور ڈیٹا پر مبنی معیشت کے تقاضوں کے مطابق نصاب، تدریسی طریقوں اور تحقیقی ترجیحات میں مسلسل جدت لانا ہوگی۔
شرکاء کو اقرا یونیورسٹی کی کامیابیوں، تعلیمی معیار اور ایچ-9 کیمپس کی سہولیات پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو پریذنٹیشن بھی دکھائی گئی۔ تقریب کے دوران این بی ای اے سی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نوخیز سرور، وائس چیئرمین ڈاکٹر فاروق چیمہ، ڈاکٹر ذکی راشدی اور ثانیہ طفیل سمیت ممتاز مہمانوں کو بزنس تعلیم کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔بعد ازاں مہمانوں کو ایچ-9 کیمپس کے مختلف تعلیمی و تدریسی شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا جبکہ نیٹ ورکنگ ڈنر کے دوران ایکریڈیٹیشن، تحقیقی تعاون، اختراع اور پاکستان میں بزنس تعلیم کے مستقبل سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اقرا یونیورسٹی نے این بی ای اے سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے فروغ، صنعت و جامعہ اشتراک اور مصنوعی ذہانت کے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کاروباری قیادت کی تیاری کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔








