اقلیتیں پاکستان کا فخر اور پارٹیشن سے پہلے کی وفادار ہیں،اقلیتی کمیشن کی فوری فعالیت، ترقیاتی فنڈز کی فراہمی اور تجارتی مسائل حل کیے جائیں ، ایم این اے سنجے پروانی
اقلیتیں پاکستان کا فخر اور پارٹیشن سے پہلے کی وفادار ہیں،اقلیتی کمیشن کی فوری فعالیت، ترقیاتی فنڈز کی فراہمی اور تجارتی مسائل حل کیے جائیں ، ایم این اے سنجے پروانی
اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی سنجے پروانی نےملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے ان کے حقوق، ترقیاتی فنڈز اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مثبت اور تعمیری مطالبات پیش کیے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی مں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں رہنے والے ہندو، سکھ اور کرسچن پارٹیشن سے بھی پہلے کے یہاں رہ رہے ہیں اور ان کی حب الوطنی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے قومی پرچم کے سفید حصے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی نسبت سے اقلیتوں کو روزگار اور نمائندگی کے مساوی حقوق ملنے چاہئیں۔ سنجے پروانی نے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والے اقلیتی کمیشن بل کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کمیشن کے چیئرمین کا فوری تعین کیا جائے تاکہ جبری تبدیلیِ مذہب اور اقلیتوں کے دیگر دیرینہ مسائل کو ایک آئینی فورم کے تحت حل کیا جا سکے۔انہوں نے صوبہ سندھ کی جانب سے اقلیتوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کے اقدام کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں بھی اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے خصوصی فنڈز رکھے جائیں۔
انہوں نے میرپور خاص سے پیرواہ تک ٹرانسپورٹ (سویگنز) کے دیرینہ منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تاکہ مقامی عوام کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔سنجے پروانی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فوجی قیادت کو ملک کو ایک نئی اور مثبت عالمی پہچان دینے اور سفارتی و معاشی محاذ پر کامیابیاں حاصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اقلیتیں صرف مخصوص نشستوں پر ہی نہیں، بلکہ 1937 سے انتخابات جیت کر ایوانوں میں آ رہے ہیں۔ ہم پاکستان کا مضبوط بازو ہیں اور ملک کی معاشی ترقی میں برابر کے شراکت دار بننا چاہتے ہیں۔









