اقوام متحدہ۔16اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ اور پاکستان نے عالمی ادارے کے پاپولیشن فنڈ کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستانی شہری ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ادارے میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر نفیس صادق کا انتقال اتوار کو نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جہاں وہ اقوام متحدہ کی خدمات سے ریٹائر ہونے کے بعد مقیم تھیں۔ …
اقوام متحدہ اور پاکستان کا عالمی ادارے کےپاپولیشن فنڈ کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستانی شہری ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر اظہار افسوس، خدمات پر خراج تحسین

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔16اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ اور پاکستان نے عالمی ادارے کے پاپولیشن فنڈ کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستانی شہری ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ادارے میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر نفیس صادق کا انتقال اتوار کو نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جہاں وہ اقوام متحدہ کی خدمات سے ریٹائر ہونے کے بعد مقیم تھیں۔ ان کی نماز جنازہ بدھ کو ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹر نفیس صادق اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کی خصوصی مشیر اور ایشیا اور پیسیفک میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے لیے خصوصی مندوب کے فرائض انجام دیئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کے ترجمان نے جاری بیان میں بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب ڈاکٹر نفیس صادق نے 1987 میں اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تو وہ اس اقوام متحدہ کے فنڈ ڈ پروگرامز کی پہلی خاتون سربراہ تھیں۔
انہوں نے مسلسل خواتین کی ضروریات کو پورا کرنے، ترقیاتی پالیسی بنانے خاص طور پر آبادی سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں کو تشکیل دینے پر عمل درآمد میں خواتین کی براہ راست شمولیت کی اہمیت پر توجہ دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت اور حقوق اور آبادی کی پالیسیوں میں ان کی اہم شراکت اور ایچ آئی وی /ایڈز کی روک تھام کے لیے ڈاکٹر نفیس صادق کی خدمات اور کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مرحومہ کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی ادارے کی پاپولیشن فنڈ کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستانی شہری ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قابل فخر خاتون، عظیم لیڈر اور اعلی بصیرت کی بین الاقوامی ماہر جنہوں نے جرات مندانہ وژن کے ساتھ اپنے ملک اور عالمی برادری کی خدمت کی۔
وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین اور ان کی آئندہ نسلوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔ انہوں نےکہا کہ وہ ان کی دوست اور استاد تھیں اور وہ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نتالیہ کانیم (Natalia Kanem )نے بھی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نفیس صادق کی قیادت کو سراہاہے۔
انہوں نے کہا کہ 1994 میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاپولیشن اور ڈویلپمنٹ پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی سیکرٹری جنرل اور اس کے پروگرام آف ایکشن کی آرکیٹیکٹ کے طور پر انہوں نے خواتین کی صحت، ان کے حقوق خواتین کی قیادت ، عالمی ترقی کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔
قاہرہ میں ان کے جرات مندانہ وژن اور قیادت نے دنیا کو پرجوش راہ پر گامزن کیا اور بیجنگ اور 1995 کی خواتین سے متعلق عالمی کانفرنس سے ملینیئم ڈویلپمنٹ گولز کو تشکیل دینے میں مدد ملی اور پائیدار ترقی کے 2030 کے تبدیلی ایجنڈے کے وژن جس میں 17 مربوط اور عالمگیر پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی توقع کی گئی ہے ۔ اس سفر نے لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کو بدلنے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے یو این ایف پی اے کی طرف سے ڈاکٹر نفیس صادق کے انتقال پر حکومت پاکستان، پاکستانی عوام دنیا بھر خواتین سے تعزیت کا اظہار کیا۔








