اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر غیر جانبدار اور یکساں عملدرآمد کو یقینی بنائے ، بین الاقوامی قانون کی کسی استثنا کے بغیر پاسداری کرے، پاکستان

اقوام متحدہ۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر غیر جانبدار اور یکساں عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی قانون کی کسی استثنا کے بغیر پاسداری کرے کیونکہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں عوام کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ …

اقوام متحدہ۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر غیر جانبدار اور یکساں عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی قانون کی کسی استثنا کے بغیر پاسداری کرے کیونکہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں عوام کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے نوآبادیات کے خاتمے کے عالمی دن کے حوالے سے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کوئی وقتی یا ماضی کا تصور نہیں بلکہ ایک زندہ اور مسلسل بین الاقوامی ذمہ داری ہے جس سے روگردانی عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 1960 کا ’’ نوآبادیاتی ممالک اور عوام کو آزادی دینے کا اعلامیہ‘‘ اور ڈی کالونائزیشن کا ایجنڈا صرف غیر خودمختار علاقوں تک محدود نہیں بلکہ ان تمام اقوام پر لاگو ہوتا ہے جو غیر ملکی قبضے، جبر اور بیرونی تسلط کا شکار ہیں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ دنیا بھر میں تمام محکوم عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت استعمال کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی مسلسل دبانے کے نتیجے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل متعدد قراردادوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کر چکی ہے اور اس دیرینہ تنازع کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں مستقل اور پائیدار امن کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نوآبادیاتی نظام کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر سمیت مکمل اور غیر مشروط طور پر ختم کرنے کے لئےنئی عزم کے ساتھ اقدامات کرے۔