اقوام متحدہ اپنے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر 25 اکتوبر کو الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گا

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں اقوام متحدہ اپنے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ہفتہ 25 اکتوبر کو الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں خاندان پر مبنی خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گا۔تقریب میں پاکستانی فنکار لائیو پرفارمنس پیش کریں گے جن میں فرحان سعید، عروج فاطمہ، علی اشرف فٹ داستان اور نزاکت علی شاد شامل ہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ایچ آر کی ٹیمیں شرکا کو …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں اقوام متحدہ اپنے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ہفتہ 25 اکتوبر کو الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں خاندان پر مبنی خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گا۔تقریب میں پاکستانی فنکار لائیو پرفارمنس پیش کریں گے جن میں فرحان سعید، عروج فاطمہ، علی اشرف فٹ داستان اور نزاکت علی شاد شامل ہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ایچ آر کی ٹیمیں شرکا کو یہ بات جاننے میں مدد کریں گی کہ وہ اقوام متحدہ میں کیریئر کے لیے کس طرح درخواست دے سکتے ہیں۔

تقریب میں عوام کو پاکستان میں کام کرنے والی اقوام متحدہ کی 22 ایجنسیوں کی ٹیموں سے ملاقات کا موقع ملے گا اور وہ ان کی سرگرمیوں کے بارے میں بہتر جان پائیں گے۔علاوہ ازیں ایک نمائش میں اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تاریخ کو پیش کیا جائے گا۔ بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں، سیلفی کارنر، فوڈ سٹالز اور تحفے بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس فیملی پروگرام کے دروازے دوپہر 3:00 بجے کھلیں گے جہاں داخلہ مفت ہوگا۔

گزشتہ سال اقوام متحدہ نے اسلام آباد میں یو این ڈے منایا تھا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے اقوام متحدہ ڈے کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ محمد یحییٰ نے کہا کہ یہ سال خاص ہے کیونکہ اقوام متحدہ تبدیلی کے ایک منصوبے”مل کر ہمارے مستقبل کی تعمیر ” کے ساتھ اپنی 80 ویں سالگرہ منا رہا ہے جو ماحولیاتی تبدیلی، عدم مساوات اور تنازعات جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون پر مرکوز ہے۔

محمد یحییٰ نے کہا کہ گزشتہ 80 سالوں کے دوران اقوام متحدہ نے پاکستان سمیت رکن ممالک کی حمایت سے انسانیت کی کچھ بڑی کامیابیوں کی راہنمائی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ 80 سالوں کے امتحانات سے سب واقف ہوں گے جس میں جنگ، بھوک اور غربت کے خلاف جنگ کے سمیت موسمیاتی تبدیلی شامل ہے جو پہلے ہی پاکستان کو شدید متاثر کر رہی ہے، اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، بڑھتے ہوئے مہلک ہتھیار اور ایسی چیزیں جن کا ہم نے ابھی تک تصور بھی نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس ہفتے کے دوران اقوام متحدہ کا عملہ اس دن کے اعزاز میں اپنی مقامی کمیونٹیز کی مدد کے لیے چاروں صوبوں میں عوامی خدمات کی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کر رہا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی توثیق کرتا ہے۔ قوام متحدہ اور اس کی اقدار کی ترقی میں کئی پاکستانیوں نے اہم کردار ادا کیا۔

اقوام متحدہ کے مندوبین کے طور پر بیگم شائستہ اکرام اللہ اور احمد شاہ بخاری نے بالترتیب انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے مسودے اور بچوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (یونیسیف) کے قیام کی حمایت کی۔ پاکستانی ماہر اقتصادیات ڈاکٹر محبوب الحق نے ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس بنایا اور ڈاکٹر نفیس صادق اقوام متحدہ کے رضاکارانہ طور پر فنڈ سے چلنے والے بڑے پروگراموں میں سے ایک کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔