نیویارک ۔17مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے اور اعلیٰ چینی سفارت کار سفیر ژانگ جون نے نیویارک میں پاکستانی مشن میں سفیر منیر اکرم سے الوداعی ملاقات کی۔
سفیر ژانگ گزشتہ 5سالوں سے اقوام متحدہ میں خاص طور پر سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستانی مشن کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں سفیروں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، اور اقوام متحدہ میں مصروفیت کی موجودہ سطح پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سفیر اکرم نے سفیر ژانگ کی پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی قیادت اور شاندار خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ اپنی مدت ملازمت کے دوران متعدد دو طرفہ اور کثیر جہتی امور پر بہت قریب سے کام کیا۔سفیر اکرم نے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔اپنی طرف سے چینی سفیر نے سفیر اکرم اور پاکستانی مشن کا شکریہ ادا کیا۔