اقوام متحدہ کا دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کی کوششوں پر زور

اقوام متحدہ ۔9ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے دہشت گردی سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کرنے کی کوششوں پر زور دیا ہے ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گردی سے متاثر افراد کے حوالے سے اقوام متحدہ کی عالمی کانگریس کے نام ایک پیغام میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے اس کے لیے تین جہتی پیشرفت ،نمبر ایک دہشت گرد ی سے متاثر ہونے والے افرا …

اقوام متحدہ ۔9ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے دہشت گردی سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کرنے کی کوششوں پر زور دیا ہے ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گردی سے متاثر افراد کے حوالے سے اقوام متحدہ کی عالمی کانگریس کے نام ایک پیغام میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے اس کے لیے تین جہتی پیشرفت ،نمبر ایک دہشت گرد ی سے متاثر ہونے والے افرا د کی پہچان ،دوسرا ان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تیسرا متاثرین کی انصاف تک رسائی و احتساب سمیت متاثرین کے نقطہ نظر پر مبنی دہشت گردی کے انسداد پر زور دیا ۔

انہوں نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد کے ذریعے بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ جامع اور صنفی حساس خدمات کے ذریعے متاثرین کی ضروریات کو پورا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بحالی اور امداد کے لئے احتساب بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اس میں اس میں متاثرہ خواتین اور لڑکیوں کی مخصوص ضروریات کو تسلیم کرنا شامل ہے، جنہیں بنیادی صنفی دقیانوسی تصورات کی وجہ سے انصاف تک رسائی کے لئے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشت گرد حملوں کی تحقیقات کے دوران شفافیت اور معلومات کے تبادلے میں متاثرین کے مطالبات کا جواب دیں۔ انہوں نے متاثرین کی ذہنی صحت اور نفسیاتی معاونت میں خدمات کی فراہمی پر خاص توجہ دینے کی اپیل بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی غربت، سیاسی اور اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی چیلنجز کو بڑھاتی ہے اور یہ ہر عمر ، جنس ،تمام ثقافتوں، مذاہب اور قومیتوں کے لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ،پائیدار ترقی میں رکاوٹ ،انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لئے نقصان کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ دہشت گردی کی تمام اقسام چاہے وہ جنسی یا صنفی بنیادوں پر ہوں، سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کانگریس کارروائی کے لیے ہمارے عزم کا اعادہ ہےاور ہم سب ملکر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں ۔