اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن برائے مہاجرین پاکستان میں 70 ہزار مستحق افغان مہاجر خاندانوں میں نقد مالی امداد تقسیم کرے گا، ترجمان

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) پاکستان میں کووڈ۔19 کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر مستحق افغان مہاجرین میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی طرز کا مالی امداد کا پروگرام ڈونر ممالک کے تعاون سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادارہ ملک بھر میں 70 ہزار مستحق افغان مہاجر خاندانوں میں نقد مالی امداد تقسیم کرے گا۔ …

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) پاکستان میں کووڈ۔19 کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر مستحق افغان مہاجرین میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی طرز کا مالی امداد کا پروگرام ڈونر ممالک کے تعاون سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادارہ ملک بھر میں 70 ہزار مستحق افغان مہاجر خاندانوں میں نقد مالی امداد تقسیم کرے گا۔ پیر کو یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر ملک بھر میں قیام پذیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں کووڈ۔19 کے لاک ڈاؤن میں متاثر ہونے والے متوسط خاندانوں میں نقد مالی امداد پاکستان پوسٹ کے تعاون سے تقسیم کر رہا ہے اس سلسلے میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے 15 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں امداد تقسیم جا چکی ہے۔ قیصر خان نے حکومت پاکستان وزارت سیفران داخلہ اور خارجہ کے تعاون سے پاکستان میں قیام پذیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین جو کووڈ۔19 کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے انہیں یو این ایچ سی آر پاکستان، پاکستان پوسٹ کے تعاون سے 12 ہزار روپے فی خاندان کو ادا کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنی ضروریات کی اشیاء خوردونوش خرید سکیں۔ انہوں نے کہا یہ پروگرام ایسا ہی ہے جس طرح حکومت پاکستان کی جانب سے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت مستحق لوگوں میں 12 ہزار روپے ادا کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ،صوبہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں بھی افغان مہاجرین کے مستحق رجسٹرڈ خاندانوں میں پاکستان پوسٹ کے تعاون سے 12 ہزار روپے 36 ہزار افغان مہاجرین کے خاندانوں میں پہلے مرحلے میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے رجسٹرڈ 15ہزار سے زائد خاندانوں میں 12 ہزار فی خاندان تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونر ممالک کے تعاون سے 70 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو نقد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں