صوبائی وزیر محنت کی زیرِ صدارت ایپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا کا جائزہ اجلاس

صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت منگل کے روز ایپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 08 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت منگل کے روز ایپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔محکمہ محنت خیبر پختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، سوشل سیکیورٹی سہولیات، طبی خدمات، مالی و انتظامی امور اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو ایپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے تحت رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی طبی و دیگر سہولیات، ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی کارکردگی، دستیاب طبی وسائل، ادویات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر فیصل خان ترکئی نے کہا کہ محنت کش طبقہ صوبے کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں معیاری سوشل سیکیورٹی و طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے شفافیت، میرٹ، مؤثر نگرانی اور جدید انتظامی نظام کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکیورٹی کے نظام کو حقیقی معنوں میں محنت کش دوست بنایا جائے۔ انہوں نے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں سہولیات کی بہتری، ضروری ادویات کی بروقت دستیابی اور مریضوں کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا محنت کشوں کے مسائل کے حل اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ محکمہ محنت کے تمام ذیلی اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور محنت کشوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ جائزہ اجلاس میں پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں محکمہ محنت اور ایپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا کے متعلقہ افسران نے شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔