خواندگی صرف پڑھنے ولکھنے کا نام نہیں ،یہ انسانی وقار، سماجی شمولیت اور معاشی مواقع کی بنیاد ہے ،ارشد ایوب

خیبر پختونخواکے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے جامعہ پشاور کے صاحبزادہ عبدالقیوم ہال میں منعقدہ عالمی یومِ خواندگی 2026 کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

پشاور۔ 08 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخواکے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے جامعہ پشاور کے صاحبزادہ عبدالقیوم ہال میں منعقدہ عالمی یومِ خواندگی 2026 کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن جعفر منصور عباسی، ایم ڈی ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن سمیت ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، ماہرینِ تعلیم، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے اور لکھنے کا نام نہیں، یہ انسانی وقار، سماجی شمولیت اور معاشی مواقع کی بنیاد ہے۔ رواں سال کا عالمی موضوع ’’عوام، کرہِ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خواندگی کا مقصد بااختیار عوام، پائیدار کرہِ ارض اور مشترکہ خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تقریباً 49 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ صوبے کی جغرافیائی، سماجی و اقتصادی اور سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر یہ چیلنج صرف حکومت نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، کمیونٹی، ترقیاتی شراکت دار اور مذہبی و سماجی رہنماؤں کے اشتراک سے ہی حل ہو سکتا ہے۔

وزیر تعلیم نے محکمے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن، نان فارمل ایجوکیشن، ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرام اور بالغ خواندگی کے ذریعے ان بچوں تک رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے جو روایتی سکولنگ تک نہیں پہنچ پاتے، دور دراز علاقوں میں سکولوں کی اپگریڈیشن، اساتذہ کی تربیت اور معیارِ تعلیم کی بہتری اولین ترجیحات ہیں۔صوبائی وزیرارشد ایوب خان نے کہا کہ فاصلے اور رسائی کی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو اپنایا جا رہا ہے۔ گلوبل ورچوئل سکول کا قیام ایک اہم قدم ہے جس کے ذریعے معیاری تعلیم کو کلاس روم کی دیواروں سے باہر لے جایا جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کا مقصد صرف روزگار نہیں بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری بھی ہے،سکولوں میں پانی و توانائی کا تحفظ، صفائی، شجرکاری اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دیا جائے تاکہ پڑھا لکھا بچہ دنیا کو بہتر بنانے والا بنے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری عزت ہمارے بچے ہیں، کوئی بچہ غربت، جنس، جغرافیہ یا معذوری کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے اورآئیے عہد کریں کہ خواندگی کو عوام کی طاقت، کرہِ ارض کی ذمہ داری اور خوشحالی کا راستہ بنائیں گے۔بعد ازاں انہوں نے اساتذہ، والدین، کمیونٹیز اور ترقیاتی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آئیے سب مل کر ایک خواندہ، جامع، سرسبز اورخوشحال خیبر پختونخوا تعمیر کریں۔

مزید خبریں