ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس میں جناح پارک کو 20 سال کے لیے لیز پر دے کر جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا تھیم پارک بنانے کا ایجنڈا منظور کر لیا گیا
ملتان:جناح پارک کو 20 سالہ لیز پر دے کر جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا تھیم پارک بنانے کا فیصلہ

مزید خبریں
ملتان۔ 08 ستمبر (اے پی پی):ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس میں جناح پارک کو 20 سال کے لیے لیز پر دے کر جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا تھیم پارک بنانے کا ایجنڈا منظور کر لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے کی،جس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ، ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ماحولیات، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں جناح پارک کی لیز، لیگل ایڈوائزر کی تنخواہ اور آڈٹ پیراز کے تصفیے سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔آڈٹ پیراز کے تصفیے اور لیگل ایڈوائزر کی تنخواہ سے متعلق ایجنڈا فنانس ڈیپارٹمنٹ اور پی ایچ اے لاہور کو بھجوانے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈی سید وسیم حسن نے کہا کہ جناح پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کرکے جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا تھیم پارک بنایا جائے گا جو شہریوں کے لیے بہترین تفریحی سیرگاہ ثابت ہوگا۔انہوں نے جناح پارک کی بحالی کے لیے کمشنر ملتان کے قائدانہ اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی بحالی شہر کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان شہر کو سرسبز، خوبصورت اور ماحولیاتی لحاظ سے بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ادارے کو مزید مستحکم و فعال بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔







