اقوام متحدہ ۔20مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کمیشن برائے خواتین کی حیثیت کا 70واں اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس میں عالمی سطح پر خواتین کے حقوق کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔شنہوا کے مطابق اختتامی خطاب میں یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما باہوث نے کہا کہ اجلاس نے دنیا بھر کی خواتین اور بچیوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ انصاف تک رسائی …
اقوام متحدہ کمیشن برائے خواتین کی حیثیت کا اجلاس اختتام پذیر، خواتین کے حقوق کے فروغ کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔20مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ کمیشن برائے خواتین کی حیثیت کا 70واں اجلاس اختتام پذیر ہو گیا، جس میں عالمی سطح پر خواتین کے حقوق کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔شنہوا کے مطابق اختتامی خطاب میں یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما باہوث نے کہا کہ اجلاس نے دنیا بھر کی خواتین اور بچیوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ انصاف تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے اور امتیازی قوانین و رویوں کی کسی بھی قانونی، سماجی یا ادارہ جاتی نظام میں کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی مساوی اور بامعنی شرکت، انصاف، معاشی مواقع اور تشدد سے پاک زندگی تک رسائی کے بغیر اقوام ترقی نہیں کر سکتیں، جبکہ حکومت، نجی شعبے اور امن مذاکرات میں خواتین کی قیادت بھی ناگزیر ہے۔
سیما باہوث نے بحران زدہ خطوں میں خواتین کی حالتِ زار پر بھی روشنی ڈالی، جن میں افغانستان، غزہ، جمہوریہ کانگو، ہیٹی، میانمار، یوکرین، جنوبی سوڈان، سوڈان اور صومالیہ شامل ہیں، جہاں خواتین اور بچیاں شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔اجلاس کے آغاز پر رکن ممالک نے متفقہ نکات کی منظوری دی، جن میں خواتین اور بچیوں کے لیے انصاف تک رسائی کو عالمی صنفی مساوات ایجنڈے کا مرکزی حصہ قرار دیا گیا۔اس اجلاس میں 190 رکن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں سربراہانِ مملکت، وزراء اور ہزاروں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے، جبکہ 255 ضمنی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔حکام کے مطابق یہ اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے عالمی کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔








