لزبن ۔28جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نےدنیا کے سمندروں کے تحفظ کے لیے 2030 تک 80 فیصد سمندری تہہ کا نقشہ بنانے کی عالمی مہم شروع کرنے پر زور دیا ہے ، پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں 2022کی اقوام متحدہ کی اوشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےدنیا بھر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سمندروں کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے کام کریں ۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد کی زندگیاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سمندر پر منحصر ہیں ، ان کو بچانے کے لیے ہر قسم کی آلودگی کو کم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازگار ماحول اور آب و ہوا کے لیے بہتر ساحلی انفراسٹرکچر بنانے اور بحری نقل و حمل کے شعبے کو 2050 تک کاربن کے اخراج کو کم کر کے صفر تک لانے کا عہد کرنے پر زور دیا ۔
پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا نے بھی سمندری علاقوں کا نقشہ تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیات کےحوالے سے آگاہی فراہم کرنے بارے مزید سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لزبن کانفرنس نہ صرف اس بات کی علامت ہے کہ امن، کثیرالجہتی، مکالمے، تعاون کی گنجائش موجود ہے، بلکہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ ہم کام میں تیزی لانے کی طرف گامزن ہیں ۔
اس موقع پر پرتگال کے وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے2030 تک قومی سمندری علاقے کے 30 فیصد کی درجہ بندی کرنے اور ماہی گیری کے علاقوں کی قومی حدود کو پائیدار حیاتیاتی حدود میں لانے کا عہد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایئر سینٹر کے اقدام میں خلا، فضا کا مشاہدہ، سمندر، آب و ہوا اور توانائی جیسے شعبوں میں ممالک اور تحقیقی اداروں کے درمیان سائنسی تعاون کے نیٹ ورک کے طور پرسرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے، حیاتیاتی تنوع ،پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور سمندری تحفظ اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے سمندروں کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ یہ کانفرنس یکم جولائی تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر سے متعدد سربراہان مملکت اور حکومتی نمائندے شریک ہیں۔