وزیراعظم نے بلوچستان کےلئے 250 ارب روپے مختص، کئی شاہراہوں کے منصوبے شروع کر کے ہمارے دل جیت لئے ،رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی نے کہا ہے کہ 10 مئی کے بعد ملک میں جو یکجہتی کی فضا ہے اس کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ الجھنے کی روش ترک کرنی چاہیے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کےلئے 250 ارب روپے مختص اور کئی شاہراہوں کے منصوبے شروع کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں، بلوچستان …

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی نے کہا ہے کہ 10 مئی کے بعد ملک میں جو یکجہتی کی فضا ہے اس کو برقرار رکھتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ الجھنے کی روش ترک کرنی چاہیے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کےلئے 250 ارب روپے مختص اور کئی شاہراہوں کے منصوبے شروع کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کےلئے اقدامات کئے جائیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو پاک فوج اور پوری قوم نے مل کر بھارت کو جو منہ توڑ جواب دیا اس کے تناظر میں ہمیں قومی یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے ، ایک دوسرے سے الجھنے کی روش ترک کر کے ہمیں اخلاق کے دائرے سے ہٹ کر بات نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ ہر سال پیش ہوتا ہے ہمیں اس پر بحث کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے مختص کرکے ہمارے دل جیت لیے ہیں، انہوں نے صوبے کی شاہراہوں کےلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، ان شاہراہوں کی تعمیر سے بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں آسانی آئے گی، سبی سے کوہلو تک شاہراہ کو بھی تعمیر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے 10 مئی کو ملک کا دفاع کر کے ملکی وقار بلند کیا ،فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں ، ہم اگر اپنی نوجوان نسل کو تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف نہیں رکھیں گے تو وہ دوسری طرف نکل جائیں گے۔