اقوام متحدہ۔ 14ستمبر(اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں سالانہ اجلاس وڈیو لنک کے زریعے کل منگل کو نیویارک میں شروع ہو گا جس میں کوئی سربراہان مملکت ذاتی حیثیت سے شرکت نہیں کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث نیویارک آنے والے ہر فرد کے لیے 14 دن کا قرنطینہ لازمی قرار دیا ہے یہی وجہ ہے کہ رواں سال جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس اس لحاظ سے تاریخی اور منفرد نوعیت کا ہو گا کہ اس میں دنیا کا کوئی بھی رہنما ذاتی حیثیت سے حاضر نہیں ہو گا بلکہ وڈیو لنک کےذریعے خطاب کرے گا۔ اجلاس میں عمومی بحث 22 ستمبر کو شروع ہو گی جس میں عام حالات میں 100سے زائد ریاستی سربراہان ذاتی حیثیت سے شرکت کرتے ہیں اور دنیا کے اہم مسائل پر بحث کرتے ہیں لیکن کورونا وائرس کی وباءکے باعث یہ اجلاس وڈیو لنک کے ذریعے ہو گا جس میں سربراہان کے پہلے سے ریکارڈ شدہ خطابات براہ راست سنائے جائیں گے۔ اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے 193ممبران سے وڈیو لنک پر خطاب کریں گے اور اس فہرست میں ان کا نمبر چھٹا ہے۔ اجلاس کی سربراہی ترک سفارتکار وولکن بوزکر کریں گے جو آج جنرل اسمبلی کے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان جنرل امسبلی کے اجلاس مین ایک بار پھر کشمیر میں بھارتی جارحیت، ظلم و جبر کے خلاف دنیا کو آگاہ کریں گے اور کشمیری عوام کے جدوجہد آزادی کی تحریک اور ان کے موقف کی حمایت کریں گے اور اجلاس میں بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ بھارتی اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوںکے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں اسلامو فوبیا سمیت بھارت میں مقیم مسلمانوں کے خلاف سیاسی جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کی کارروائیوں اور اقوام متحدہ کی اصلاحات اور تجدید (revival) اور ناجائز مالی بہاﺅ پر بھی بات کریں گے۔ اجلاس میں پاکستانی سفیر منیر اکرم ذاتی حیثیت سے موجود ہوں گے جو وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود کے وڈیو خطابات دکھائیں گے جبکہ اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہر رکن ریاست اپنے ایک سفارتکار کو ہال میں بھیجے گا۔