نیویارک ۔ 10 جون (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر تیجانی محمد باندے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالگیر وباء کے باعث اقوام متحدہ کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سربراہان ستمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں ذاتی حیثیت سے شرکت نہیں کریں گے اور اس حوالے سے آئندہ 2 ہفتوں میں اجلاس کے طریقہ کار کا …
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں سربراہان مملکت ذاتی حیثیت سے جمع نہیں ہو سکیں گے، صدر تیجانی محمد باندے
نیویارک ۔ 10 جون (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر تیجانی محمد باندے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالگیر وباء کے باعث اقوام متحدہ کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سربراہان ستمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں ذاتی حیثیت سے شرکت نہیں کریں گے اور اس حوالے سے آئندہ 2 ہفتوں میں اجلاس کے طریقہ کار کا اعلان کریں گے کہ جنرل اسمبلی کی عام بحث میں193 ممالک کے سربراہان کس طرح اظہارِ خیال کرسکیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عام حالات میں جنرل اسمبلی کا اجلاس نیویارک ہیڈکوارٹرز میں ہوتا ہے جہاں 193 رکن ممالک کے سربراہان روایتی طور پر جمع ہوتے ہیں اور اسمبلی کے ایجنڈا پر اہم بین الاقوامی مسائل سے متعلق عام بحث کرتے ہیں۔ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسبلی کے اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سمیت 146 ریاستوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی تھی۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر تیجانی محمد باندے نے ورچوئل نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کے ممالک کے صدور نیویارک نہیں آسکیں گے کیونکہ وہ اکیلے سفر نہیں کرتے بلکہ ان کے ہمراہ وفود بھی ہوتے ہیں لہذا کورونا وائرس کے باعث ممکن نہیں ہے کہ دنیا کے صدور نیویارک آسکیں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ 2 ہفتوں میں اجلاس کے طریقہ کار کا اعلان کریں گے کہ 193 رکن ریاستوں کے سربراہان مقامی اور دنیا کے مسائل سے متعلق جنرل اسمبلی کے اعلی اجلاس میں کس طرح اظہار خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پہلی بار 74 سالوں میں ایسا ہوا ہے کہ رکن ممالک کے سربراہان اجلاس میں ذاتی حیثیت سے شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا75 واں اجلاس 15 ستمبر سے شروع ہونا ہے اور عام بحث 22 ستمبر کو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عام بحث کی تاریخ تبدیل نہیں ہو گی بلکہ یہ اپنی مقررہ تاریخ پر ہی ہوگی۔









