نیویارک ، 30 ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ان خودکش بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جن میں پاکستان میں دو مذہبی تقریبات کو نشانہ بنایا گیا، جب لوگ پیغمبرؐاسلام کے یوم ولادت کی تقریب میں جمع تھے۔ایک پریس بیان میں 15 رکنی کونسل کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جمعہ کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہونے والے حملوں میں کم از کم 57 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔خیبرپختونخواکے شہر ہنگو کی ایک مسجد میں جمعہ کے اجتماع میں حملہ سے 70 سے زائد زخمی ہوئے ۔ بیان کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرین کے خاندانوں اور حکومت پاکستان سے اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعاکی ۔
کونسل کے اراکین نے بیان میں کہا کہ محرکات سے قطع نظر دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے، چاہے یہ جہاں کہیں بھی، جب بھی اور جس کسی نے بھی اس کا ارتکاب کیا ہو۔سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مجرموں، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور سپانسرز کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ اس سلسلے میں فعال تعاون کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ "کونسل کے اراکین نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق، حکومت پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ان حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے فعال تعاون کریں۔”
اقوام متحدہ کے الائنس آف سولائزیشنز ( یو این اے او سی) کے اعلیٰ نمائندے میگوئیل موریٹینوس نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ عبادت گاہیں مقدس مقامات ہوتی ہیں جہاں عبادت گزاروں کو اپنے عقیدے پر محفوظ اور آزادانہ طور پر عمل کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ قبل ازیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے حملوں کو "خاص طور پر گھنائو نا” قرار دیتے ہوئے قصورواروں سے جوابدہی کرنے کا مطالبہ کیا۔
گوٹیریس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ خاص طور پر قابل نفرت ہے کہ یہ حملے عبادت گاہ پر اور پیغمبرؐ اسلام کے یوم پیدائش کی تقریب کے دوران ہوئے۔انہوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کی کوششوں میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اقوام متحدہ کی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔