اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کوئٹہ میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت

225
سلامتی کونسل نے صومالیہ میں افریقن یونین کی نئی امن مشن فورس میں کمی کی قرارداد کی متفقہ منظوری دے دی

اقوام متحدہ۔24اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کوئٹہ میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ، سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں بدھ کے روز ہونے والے ایک زوردار بم دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے ۔ہفتہ کے روز جاری ایک پریس بیان میں 15 رکنی کونسل نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس ہلاکت خیز حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سلامتی کونسل کے ممبران نے متاثرین کے اہل خانہ اور حکومت پاکستان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ، انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔ سلامتی کونسل کے ممبران نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سب سے سنگین خطرہ ہے۔سلامتی کونسل کے ممبروں نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکبین ، منتظمین ، مالی اعانت کاروں اور کفیلوں کو ذمہ دار ٹھہرانے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بین الاقوامی قانون اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تمام ریاستوں سے اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور پر تعاون کرنے کی اپیل کی۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی تھی ۔