اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل یمن میں جاری طویل تنازع کے خاتمے کے لیے مربوط اور موثر اقدام کرے، پاکستانی مندوب

اقوام متحدہ۔13فروری (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ یمن میں جاری طویل تنازع کے خاتمے کے لیے مربوط اور موثر اقدام کرے۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے 15 رکنی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور متحد یمن خطے کے امن اور سلامتی کے …

اقوام متحدہ۔13فروری (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ یمن میں جاری طویل تنازع کے خاتمے کے لیے مربوط اور موثر اقدام کرے۔ یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے 15 رکنی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور متحد یمن خطے کے امن اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے یمن کی خودمختاری اور قومی وحدت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔پاکستانی مندوب نے گزشتہ ماہ ریاض میں ہونے والے سعودی سہولت کاری مذاکرات کا خیرمقدم کیا اور تمام یمنی فریقین پر زور دیا کہ وہ نیک نیتی اور لچک کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک قابلِ اعتماد، جامع اور تعمیری سیاسی عمل ہی یمن کے عوام کی خواہشات کے مطابق پائیدار حل کا راستہ ہے۔

انہوں نے تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ افراد کو درپیش سنگین انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری مالی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ جان بچانے والی امدادی کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔پاکستان نے حوثی کنٹرول والے علاقوں میں اقوامِ متحدہ اور امدادی عملے کی من مانی گرفتاریوں اور اقوامِ متحدہ کے اثاثوں پر قبضے کی بھی مذمت کی اور تمام زیرِ حراست افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔