اقوام متحدہ کی فلسطینیوں کے لیے9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل

United Nations

اقوام متحدہ۔28مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی مدد کے لیے 9کروڑ 50 لاکھ ڈالر امداد کی اپیل کر دی ۔رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ نے اگلے تین ماہ کے دوران غزہ اور غرب اردن بشمول مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے 9کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی اپیل اسرائیل اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان حالیہ سالوں کی بدترین 11 روزہ لڑائی کے خاتمے کے بعد کی ہے۔

اس حوالے سے فلسطین کے علاقوں کے لیے اقوام متحدہ کی ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر لِن ہیسٹنگز کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ فی الحال امداد کی فوری ضرورتوں کو دیکھ رہی ہے اور اس کے بعد طویل المدتی نقصان اور تعمیر نو کے لیے کتنی ضرورت پڑ سکتی ہے، کا جائزہ لے گا۔

انہوں نے کہا گذشتہ روز کی جانے والی اپیل فوری ضرورتوں جیسے کھانا، صحت، ادویات، طبی سامان، انفراسٹرکچر کی فوری مرمت اور نقد امداد کی فراہمی کے لیے کی گئی تھی۔اپیل سے پہلے اقوام متحدہ نے فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دوسرے فنڈز سے دو کروڑ 25 لاکھ ڈالر جاری کر دیےہیں۔