ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان پویلین کے وفد نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان سے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان کی ادبی و ثقافتی نمائندگی، کتب کے فروغ، ثقافتی روابط اور مستقبل کے باہمی تعاون کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بک کارنر جہلم کے ڈائریکٹر عامر شاہد اور …
ابوظہبی بک فیئر:پاکستان پویلین کے وفد کی سفیر شفقت علی خان سے ملاقات، ادبی و ثقافتی ورثے کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں پاکستان پویلین کے وفد نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان سے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان کی ادبی و ثقافتی نمائندگی، کتب کے فروغ، ثقافتی روابط اور مستقبل کے باہمی تعاون کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بک کارنر جہلم کے ڈائریکٹر عامر شاہد اور اردو ورلڈ بکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و پاکستان پویلین کے پرنسپل آرگنائزر سرمد خان شامل تھے۔
ہفتہ کو موصولہ پیغام کے مطابق سفیر شفقت علی خان نے پاکستان پویلین میں پاکستانی ادب، ثقافت اور فکری ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے نیشنل بک فاؤنڈیشن، بک کارنر جہلم اور اردو ورلڈ بکس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی مطبوعات، بالخصوص اردو ادب، بچوں کی کتب، ثقافتی موضوعات اور تراجم میں زائرین اور قارئین کی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران وفد اور سفیر نے پاکستان پویلین میں پیش کی گئی کتب کےموضوعات، ادبی و ثقافتی اہمیت اورپاکستانی و عرب قارئین کے لیے ان کی افادیت پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر پاکستانی تارکین وطن کی اردو افسانوں، شاعری اور معاصر ادب میں دلچسپی، پاکستانی ادب کے عربی اورانگریزی تراجم کی بڑھتی ہوئی ضرورت، نوجوان نسل کو ثقافتی شناخت سے جوڑنے میں بچوں کے ادب کے کردار اور پاکستان کی تاریخ، ورثے، ثقافت اور سیاحت سے متعلق مطبوعات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سفیر نے عرب قارئین کےسامنے پاکستان کے ثقافتی تنوع اور تہذیبی ورثے کو منتخب اور معیاری مطبوعات کے ذریعے اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان پویلین میں پیش کی گئی مطبوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے متعلق ادبی و ثقافتی مواد کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخی پس منظر، اہم سیاحتی مقامات، تہذیبی خدمات، فنون لطیفہ اور معاصر ادبی سرگرمیوں پر مشتمل اعلیٰ معیار کی عربی زبان میں کافی ٹیبل بک کی تیاری کی تجویز بھی دی۔ مجوزہ کتاب ایمبیسی آف پاکستان ابوظہبی، نیشنل بک فاؤنڈیشن اور بک کارنر جہلم کے اشتراک سے تیار کی جائے گی جس کا مقصد عرب قارئین، متحدہ عرب امارات کے اداروں اور بین الاقوامی زائرین کوپاکستان کے ثقافتی اور تہذیبی ورثے سے جامع طور پر متعارف کرانا ہے۔
مراد علی مہمند نےابوظہبی میں سفارتخانہ پاکستان میں این بی ایف بک کارنر کے قیام کی تجویز پیش کی۔ مجوزہ بک کارنر کے ذریعے سفارتخانے آنے والے پاکستانی شہریوں اور دیگر قارئین کو اردو ادب، مطالعہ پاکستان اورپاکستان کی تاریخ و ثقافت سے متعلق کتب تک رسائی فراہم کی جائے گی، جس سے مطالعے کے مستقل کلچر کے فروغ اور ادبی موجودگی کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔وفد نے سفارتخانے میں بک کارنر کے لیے مجوزہ جگہ کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ اس کے انتظامی و عملی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے اختتام پر نیشنل بک فاؤنڈیشن اور بک کارنر جہلم کی منتخب مطبوعات سفیر شفقت علی خان کو پیش کی گئیں جن میں پاکستان کی ثقافت، ورثے اور تہذیب، بچوں کے ادب اور معاصر اردو ادب سے متعلق کتب شامل تھیں۔اردو ورلڈ بکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرمد خان نے پاکستان کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے قیمتی وقت، رہنمائی اور تعاون پر سفیر شفقت علی خان کا شکریہ ادا کیا۔







