اقوام متحدہ کی یمن میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے 4.3 ارب ڈالر امداد کی اپیل

55

جنیوا۔16مارچ (اے پی پی):اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے 4.3 ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارے کے انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل مارٹن گریفتھس نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ امدادی ایجنسیاں یمن میں 17 ملین سے زیادہ افراد کی مدد کے لیے تقریباً 4.3 ارب ڈالر کی امداد چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سوئس صدر اور سویڈن کے وزیر خارجہ کے ہمراہ اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 23.4 ملین یمنیوں کواب کسی نہ کسی شکل میں مدد کی ضرورت ہے، چار میں سے تین یمنیوں کو مدد کی ضرورت ہے، یہ ایک حیران کن تعداد ہے جو بہت تشویشناک ہے،ان میں سے 19 ملین بھوک اور افلاس کا شکار ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہیں، ایک لاکھ 60ہزار سے زیادہ یمنیوں کو قحط جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ 2015 سے عطیہ دہندگان نے یمن میں مصائب کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی اپیلوں پر تقریباً 14 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں، اس رقم کا 75 فیصد سے زیادہ صرف چھ عطیہ دہندگان امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، جرمنی اور یورپی کمیشن سے آیا۔

مارٹن گریفتھس نے انکشاف کیا کہ یمن میں گزشتہ سال لڑائیوں کے نتیجے میں 2500 سے زائد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے جب کہ تقریباً 3لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے، 2015کے بعد نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 4.3 ملین تک پہنچ گئی ہے۔